Tuesday, 3 September 2024

پیارے نبی ﷺ کی سیرت کو عام کرنے کے آسان اور مؤثر طریقے ۔ ۔ ۔

پیارے نبی ﷺ کی سیرت کو عام کرنے کے آسان اور مؤثر طریقے  ۔  ۔  ۔ 


 


آفتاب عالم ؔ شاہ نوری 

بلگام، کرناٹک

8105493349


جونیئر کالج میں بحیثیت اردو لیکچرار گزشتہ 11 برسوں سے کام کرنے کا مجھے موقع ملا ہے ۔ کرناٹک کے پی یو سی سالِ اول کے نصاب میں شامل پہلا سبق جس کا نام حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت معلم انسانیت ہے ۔ اس سبق کی تدریس کے دوران جب بھی میں بچوں سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق سوالات پوچھتا ہوں، جیسے کہ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے والدین کا نام، ازواج و اولاد کی تعداد ، آپ کے حالاتِ زندگی وغیرہ وغیرہ تو یقین جانیے سوائے ایک یا دو طالب علموں کے پوری کی پوری جماعت ان باتوں سے نا واقف ہے ۔ اور یہ مسئلہ صرف ایک بیاچ کا نہیں ہے بلکہ ہر سال کی ہر بیچ کا یہی مسئلہ ہے ۔ اس کے برخلاف اگر انہی طلباء سے کسی کرکٹر ، فلمی اداکار یا اداکارہ یا کسی سلیبرٹی کے متعلق پوچھا جائے تو اس کی مکمل تاریخ بتا دیتے ہیں ۔ ۔ 

ان ساری باتوں کو دیکھتے ہوئے مجھے اکثر یوں محسوس ہوتا تھا کہ کہیں نہ کہیں ہم سے ان بچوں کی دینی تربیت میں چُوک ہو رہی ہے ۔ ایک دور تھا کیا بچہ ، کیا بوڑھا ، کیا جوان ہر مسلمان کا سینہ سیرت کے واقعات سے بھرا تھا ۔ یوں تو اس مسئلے کو حل کرنے کے متعدد طریقے موجود ہیں، لیکن ایک ایسا طریقہ بھی ہے جس پر عمل کرنے سے، ان شاء اللہ، اس جہالت کے خلا کو بڑی حد تک پر کیا جا سکتا ہے اور امت کا ایک وسیع حلقہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ سے روشناس ہو جائے گا۔

چند دنوں میں ربیع الاول کا مقدس مہینہ شروع ہونے والا ہے اس مقدس مہینے میں ہم اپنے بچوں کے لیے سیرت طیبہ جاننے کے لیے راہیں ہموار کر سکتے ہیں ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کو متعارف کرانے کا ایک آسان اور سہل طریقہ یہ بھی ہے کہ پہلی جماعت سے دسویں جماعت کے طلبہ تک معلومات کو سب سے پہلے پہنچایا جائے ۔ ۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ امت کے مالدار احباب آگے بڑھیں اور اپنے طور پر سیرت طیبہ سے جڑی کتابیں خریدنے کے لیے رقمیں عطا کریں ۔ ۔ دوسری اہم اور ضروری بات یہ ہے کہ مسلک اور مکتبِ فکر سے بالاتر ہو کر بچوں کی عمر اور ذہنی استعداد کے مطابق  سیرت پر مبنی کتابیں اپنی بستی کے ذمہ دار لوگ پرائمری اور ہائی اسکول کے طلبہ کو اپنی طرف سے بطور ہدیہ دیں ۔ اور ان بچوں کو کچھ دنوں کا وقت دیں اور ان سے کہیں کہ آپ اس کتاب کا مطالعہ چند دنوں تک کریں اور اس کے بعد ہم لوگ آپ کا امتحان لیں گے اس امتحان میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو انعامات سے نوازیں ۔ انعامات کی ترتیب اس طرح سے رکھیں کہ امتحان میں حصہ لینے والے ہر طالب علم کو کچھ نہ کچھ بطور ہدیہ دیں اور اس امتحان میں اول، دوم اور سوم نمبر پر کامیاب ہونے والے بچے کو خصوصی انعام دیں ۔ ۔


بچوں کے لیے کتبِ سیرت کی فہرست


ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

مہرِ نبوت – قاضی محمد سلیمان منصور پوری

سرکار ﷺ کا دربار – الیاس احمد مجیبی

آں حضرت ﷺ – الیاس احمد مجیبی

آخری نبی ﷺ – الیاس احمد مجیبی

سرکارِ دوعالم ﷺ – محمد حسین حسان ندوی جامعی

رسول پاک ﷺ – عبدالواحد سندھی

ہمارے رسول ﷺ – خواجہ عبدالحی فاروقی

پیارے رسول ﷺ – سلطانہ آصف فیضی

رسول پاک ﷺ کے اخلاق – خلیل احمد جامعی

ہمارے نبی ﷺ – سید نواب علی

آمنہ کا لال ﷺ – راشد الخیری

رحمت عالم ﷺ – سید سلیمان ندوی

پیارے رسول ﷺ – افضل حسین

ہادی اعظم ﷺ – ابوخالد

کیا مسافر تھے؟ – عرفان خلیلی

ہمارے حضور ﷺ – عرفان خلیلی

آپ ﷺ کیسے تھے؟ – عرفان خلیلی

نور محمدی ﷺ – مائل خیر آبادی

پیارے نبی ﷺ ایسے تھے – مائل خیر آبادی

پیشن گوئیاں – مائل خیر آبادی

رسول کریم ﷺ – مائل خیر آبادی

بزم پیغمبر ﷺ – مقبول احمد سیوہاروی

نبی عربی ﷺ – قاضی زین العابدین میرٹھی

سیرت النبی محمد ﷺ – سید راحت ہاشمی

بچوں کے لیے سیرتِ نبوی – مجیب اللہ ندوی

ہمارے حضور ﷺ – امۃ اللہ تسنیم

سیرت النبی کوئز – اختر سلطان اصلاحی و دیگر

سیرت نامہ – محمد یٰسین ذکی


سوالی پرچے کا پیٹرن :


سوالی پرچے کے پیٹرن کے لیے علمائے کرام،  پرانے اساتذہ اور خاص طور سے اس وقت کام کرنے والے اساتذہ سے رہنمائی حاصل کریں اور اس کی ایک صورت مندرجہ ذیل ہے ۔ ۔ ۔

پہلی جماعت سے چوتھی جماعت کے طلبہ کو اورل ٹیسٹ زبانی ٹیسٹ لیا جائے ۔ ۔ ۔

پانچویں جماعت سے ساتویں جماعت کے طلبہ کو ملٹیپل چوائز یعنی متبادل سوالات کے جوابات رکھے جائیں جس میں ایک سوال ہو اور جس کے چار جوبات دیے گئے ہوں صحیح جواب کا انتخاب بچہ کرے ۔

آٹھویں جماعت سے دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے ملٹیپل چوائس سولات، لانگ انسر ،شارٹ انسر رکھا جائے۔

اگر کسی شہر میں اسکول کثیر تعداد میں ہوں تو ہر اسکول سے کامیاب ہونے والے اول نمبر کے طالب علم کا مزید ایک اور امتحان رکھا جائے ۔ ۔ اس چیز کو آگے بڑھانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ تعلقہ سطح اور ضلعی اور صوبہ سطح پر کیا جا سکتا ہے اس کار خیر کے لیے علماء کرام ریٹائرڈ اساتذہ کا مشورہ ضرور لیں اور ان کی رہبری میں کام کریں ۔ ۔


سوشل میڈیا استعمال کرنے والے جوان کیا کریں :

اول وہ سیرت کا مکمل مطالعہ کریں کیوں اس طرح کے نوجوانوں کو اکثر دیکھا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر بےکار ریلز شارٹس بنانے دیکھنے میں وقت ضائع کرتے ہیں اس کی بجائے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی صحیح احادیث اور ان سے جڑی ہوئی چیزوں کو علماء کرام کی رہبری اور ان کے مشورے سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے رہیں تاکہ دیگر افراد تک معلومات پہنچے اور خاص طور پر الگ الگ اور علاقائی زبان میں اسے پوسٹ کرنے کی کوشش کریں تاکہ اپنے ہم وطنوں تک یہ معلومات پہنچے ۔


بڑی عمر کے پڑھے لکھے لوگ کیا کریں؟


مساجد میں علم دین کے فروغ کے لیے ہمیشہ کوششیں کی جاتی رہی ہیں، مگر بعض اوقات بڑی عمر کے لوگوں کے لیے ایسے پروگرام نہیں ہوتے جو ان کی دلچسپی اور سہولت کے مطابق ہوں۔ اس حوالے سے مسجد کے ٹرسٹیان کے لیے یہ تجویز اہم ہے کہ وہ بڑی عمر کے نمازی حضرات کے لیے سیرت کی تعلیم اور اس پر امتحان کا انتظام کریں۔اس کا طریقہ کار کچھ یوں ہو سکتا ہے: مسجد میں سیرت کی کتابیں رکھی جائیں، لیکن ہر کتاب کو لوگوں کی ذہانت اور سمجھ بوجھ کے مطابق الگ الگ سطحوں پر تقسیم کیا جائے۔ کچھ کتابیں آسان زبان میں ہوں، کچھ درمیانے درجے کی ہوں اور کچھ تفصیلی یا علمی سطح کی۔ اس طرح ہر طبقہ اپنی سہولت کے مطابق مطالعہ کر سکے گا اور کسی کو بھی مشکل محسوس نہیں ہوگی۔اس کے بعد امام صاحب 100 مارکس پر مشتمل ایک سوالیہ پرچہ تیار کریں جس میں ہر سوال کے چار متبادل آپشن ہوں۔ سوالات آسان سے لے کر قدرے مشکل تک ہوں تاکہ ہر عمر کے افراد اپنی صلاحیت کے مطابق حصہ لے سکیں۔ اس پروگرام کے ذریعے نہ صرف بڑی عمر کے لوگ سیرت کی معلومات میں اضافہ کریں گے بلکہ مسجد کی تعلیمی سرگرمیوں میں بھی فعال طور پر شریک ہوں گے۔ 

اس مبارک مہینے میں سیرت طیبہ کی کتابوں کا خوب مطالعہ کریں اور اپنی روز مرہ کی زندگی گفتگو میں سیرت سے جڑی باتوں کو بات چیت کا حصہ بنائیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہر سنت پر عمل کرنے کی پوری کوشش کریں ۔ ۔ ۔ یہ چند گزارشات تھیں امید ہے کہ امت کے فکر مند احباب اس پر کام کریں گے ۔ ۔

No comments:

Post a Comment

کرناٹک اردو اکادمی ۔ ۔ ملک کی مثالی اردو اکادمی ۔ ۔ ۔

کرناٹک اردو اکادمی  ۔ ۔ ملک کی مثالی اردو اکادمی ۔ ۔ ۔ آفتاب عالم ؔ شاہ نوری بلگام کرناٹک 8105493349 "ہر اردو اکادمی اردو کا ای...